نئی دہلی ،6؍اکتوبر (ایس او نیوز؍ آئی این ایس انڈیا ) اقلیتی امورکے مرکزی وزیرمختار عباس نقوی کل حکومت کی نئی حج پالیسی پیش کریں گے۔سرکاری ذرائع نے بتایا کہ کل ممبئی میں نئی حج پالیسی جاری کی جائے گی۔ماناجا رہاہے کہ نئی حج پالیسی میں سبسڈی، خواتین عازمین حج کے ساتھ جانے والے محرم اورکوٹے کولے کرکئی اہم فیصلے کیے جائیں گے۔ادھر نقوی نے حج ۔2017 کی تکمیل پر آج ممبئی میں جائزہ میٹنگ کی جس میں انہوں نے کہا کہ 2017 کا حج بہت ہی کامیاب رہاہے کیونکہ مرکزی حکومت نے متعلق ایجنسیوں کے ساتھ تال میل سے حج کی تیاریاں وقت سے کافی پہلے ہی مکمل کر لی تھی۔ایک سرکاری بیان کے مطابق نقوی نے کہاکہ ہماری ساری تیاریاں حاجیوں کی حفاظت اور سہولت کو مرکز میں رکھ کر ہی کی گئی تھی تاکہ حج کوآسان بنایاجاسکے۔ حج2017 کے لیے حج کمیٹی آف انڈیاکے ذریعے سے 24 جولائی سے 28 اگست کے درمیان124940 لوگ حج پرگئے۔تقریباََ45000 حج مسافر نجی ٹورآپریٹرز کے ذریعے حج پرگئے۔ اس سال سعودی عرب نے ہندوستان کا حج کوٹہ بڑھا کر170025 کر دیاتھا۔اس بار ملک بھر کے 21 شہروں دہلی، گوا، گوہاٹی، لکھنؤ، منگلور، وارانسی، سرینگر، کولکاتہ، گیا، رانچی، بھوپال، بنگلور، ممبئی، ناگپور، احمدآباد، اورنگ آباد، چنئی، کوچین، جے پور، اندور، حیدرآباد سے حج کے لیے پروازیں ہوئی ہیں۔